Friday 2 December 2016

جھننگوی اور جمہوری چڑیا

لال رنگ سے بھری ایک شیشی لہرا لہرا دنیا کو دکھا تا ہوا بلونگڑہ  بلاول جمہوریت کا ٹیسٹ ٹیوب بے بی بن سکتا ہے اور جدہ میں ہوئی  عقل داڑ ھ کی دررد کا حال سنا سنا  خاندانِ جلال جمہورا پیدا  ہو سکتا ہے تو پھر مُجھے کوئی بتائے، جھنگ کے ایک جھنگوی کی  جیت پر کلیجہ پھاڑ   دینے والے نوحے کیوں لکھے اور سنائے جارہے ہیں؟ سوہنی ہیر کی سرزمین  پر" تم کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلے گا "والا کارگر اور آزمودہ اصول ہمیں  جھنگوی کے بدل سے  انتڑیوں میں سوجن کی کر رہا ہے۔.ذرا  سا ذہن پر زور دیجئے اور  یادکیجئے  کہ یہاں کتنے لیڈر مارے گئے. حق نواز سے لیکر دنیا کو ایک سیٹ کی طاقت سمجھانے اور جمالی جی کو ایک ووٹ پر وزیراعظم بنانے  والا اعظم طارق تک  ایک لمبی فہرست آپ کو یاد آجائے گی. جن کا غم غلط کرنے کو مغرور سروں سے بھری پنجاب اسمبلی میں  چھوٹی سی  پگ والا ایک مولوی  آبیٹھے تو اس میں کیا برا ہے. اس پنجاب اسمبلی ،جس میں رسہ گیر ,ٹھگ بدمعاش. چالباز لٹیرے  ,فصلی بٹیرے اور  لاہور وفیصل آباد کے مانے تانے  مالشیوں کی بھرمار ہے  وہاں  عوام کے " جذبات '" کی  ( غلط یا سہی خواہ کسی بھی حوالے سے ہو) ترجمانی کرتا ہوا آن بیٹھے تو چہرے پر مسکراہٹ لائے  اپنئ ہی زبان میں  اسے جی آیاں نوں آکھئے. آپ پنجاب اسمبلی پر ایک طائرانہ  سی نظر دوڑائیے اور  بتائیے کہ یہاں آٹے دال کے بھاؤ بتانے والے کتنے اور مونچھوں کو تاؤ دینے والوں کی تعداد کیا. شاید کہ جواب دیتے ہوئے  آٹے میں نمک کی مثال بھی شرما جائے
میرے لئے البتہ فکر کی بات ہے تو یہ کہ ہماری سوچ گراموفون بجتی  ڈسک کی طرح تیس سال سے اسی ایک جگہ پر ہی کیوں اٹکی پڑی ہے. ہم کیوں سمجھ نہیں پائے  کہ انسانی سوچ کو دنیا ڈیجیٹل دور سے بھی کہیں آگے  بہت  آگےلے جاچکی ہے اور ہم  ابھی تک جمہوریت کے کچے پکےپہلےدوسرے سبق رٹنے میں ہی لگے پڑے.وہ  سنہری چڑیا  جسے ہم جمہوریت کا نام دیتے ہیں ساری دنیا میں انڈے دیتی  اپنی  نسل بڑھاتی  ہے وہ  ہمارے ہاں زور لگا لگاتھک  ٹوٹ کر ہاری ہوئی ناکام کیوں نظر آتی ہے. اس سوال پر غور کیجئے اور بار بار کیجئے تاکہ عقل کے بند دریچے کھُلنے کا کہیں سے کوئی سبب  بن پائے  . دوسو سال سے کمشنر ڈی سی تحصیل دار سے تھانے دار سنتری تک اکڑ فوں دکھاتی سب کو دباتی ہوئی  انتظامیہ کے ذریعے   کنٹرول ہوتا یہ خطہ گذشتہ آٹھ سال سے گڈ گورننس کی مالا پہنے دوڑتا پھرتا ہوا دکھایا ، بتایا اور سمجھایا جا رہا  ہے۔ اسی گُڈ گورنس کی  مالا ہمارے  دانشور جپھتے چلے آرہے ہیں. دانشوروں کے بنے بنائے پیکٹوں میں بند خوابوں کی ریڈی میڈ تعبیر تو خیر وہی جانیں ہمارے خیال میں تو پچھلے آٹھ سالوں  جمہوریت کی دال گلنے کو ہلکی آنچ پر رکھنے کا تردد بھی کِسی نے نہ کیا۔ مگر بنا حرارت دیئے چولہے پر چڑہائی دال میں ڈوئی ہلانے  والے باورچی دانشور بہت سے مِل جاتے ہیں ۔


 وہی فرسودو سا بے روح، گنجا نظام جِس کی چندیا پر جمہوریت کندہ کئے  چلایا جارہا ہے ۔ ڈِسٹرکٹ گورنمنٹ کی جگہ لایا ہوا لوکل باڈی سسٹم آٹھ سال ہونے پر بھی قائم نہ ہوسکا۔ مگر گُڈ گورننس پر اُنگلی اُٹھانے سے جمہیوریت کے انگوٹھے میں درد کی ٹیسیں اُٹھنے لگتی ہیں۔ ہمارے دانشور بھائیوں  کے قلم تھری ناٹ تھری کی گولی بنے چیڑ پھاڑ کرنے لگتے ہیں  ۔ مُجھے اس سے غرض نہیں اور نہ ہی کِسی قسم کی کوئی پریشانی  کہ ہماری سیاست کے میدان کھیلتے نظر آتے  تمام کے تمام کھلا ڑی  اندھے کیوں ہے  ہیں ۔ سوچنے پر مگر یہ بات دِل چیرتی ہے  کہ اندھوں کے ہوتے کرکٹ میچ پر ماہرانہ رائے دینے کے لئے کِسی دیدہ ور کی ضرورت بحرحال ہوتی ہے۔ مگر افسوس کہ ہمیں مبصر بھی مِلے تو  اندھے ہوئے پڑے ۔
 جھنگ میں  ہوئے ضِمنی الیکشن میں ایک جھنگوی کی جیت پر جمہوریت کو پڑتی گالی سے  شُروع ہوئی بات کہاں سے کہاں  جا نِکلی ۔ عرض کرنا فقط یہ چاہ رہا ہوں کہ وہ جمہوری چڑیا تو دُنیا بھر میں انڈے دیتی پھِرتی ہے اُسی سنہری چِڑیا کے انڈے  ہمارے ہاں گھونسلے میں نہیں بلکہ سانپ کی پٹاری میں سنبھالے جاتے رہے ہیں اور گالی کھاتی  بیچاری معصوم  سی چڑیا ہے ۔ آپ ان پٹاری کے سانپوں سے اپنی چڑیا کے انڈے بچا لیجئے اور خود کو سکون میں جانیے ، رہی بات جھنگوی کی جیت کی تو  اِس  جیسے چھوٹے موٹے کیڑوں کو جمہوری چڑیاں مِنٹوں میں صاف کردیں گی۔  مگردانشوروں سے بھری  اس دُنیا میں   میری سُنتا ہی کون ہے ۔

No comments:

Post a Comment