Friday 9 November 2012

ایک عامی کا اِقبا ل ڈے



ایک اور اِقبال ڈے گُزر گیا۔ تمام دِن اِقبال کی شاعری اور فلسفے پر روشنی ڈالی جاتی رہی اور فکر ِ اِقبال کی یاد کو تازگی بخشنے کے  نام پر ٹی وی پروگراموں اور اخبارات کا پیٹ بھرا گیا۔ میں اِقبالیات کا طالبِ عِلم کبھی نہیں رہا اورپھِر آنڈے پرونٹھوں کی خوش خوراکی مُجھے فلسفیانہ اور مُدبرانہ خیالات و نظریات سے  دور دھکیلتی رہی۔ میں تو فے سے فضل الرحمٰن کے کے" پلٹنے جھپٹنے "کو کبھی نہ سمجھ پایا یہ فلسفے کے حروفِ تہجی  کو بھلا ۔۔۔

دو قومی نظریہ ڈاکٹر اِقبال کے خواب  کی صورت جنما اور ہمارے مُلک کی تخلیق کا سبب  بنا ۔  ہم بھلا محسِنوں کو کب بھولنے والے ہیں اِس دو قومی نظریے کو آج بھی زِندہ رکھے بیٹھے ہیں۔ ہمارے مُلک میں آج بھی دو  قومیں ہی بستی ہیں۔ اِک امیر اور دوسرے ہم۔   ہمیں  حکومت نے غُربت پروگرام کے سپیشل شناختی کارڈ  دے رکھے مگر اشرافیہ  کے در چھونے کے لئے شفارشی کارڈ بھی ضروری ہوتا ہے وہ نہ جانے کب مِلیں گے؟۔ ہمارا مُلک بھی کمال ہے کہ جہاں کے امیر بھی غُربت کا رونا روتے ہیں ۔بچوں کے پیمپروں کی  بڑھتی قیمت اُنہیں   مہنگائی کا احساس دلاتی  ہے۔ مہنگائی کا رونا رونے والی اِس اپر کلا س کے بچے فیری ٹیلز پڑہتے ہیں ، انگریزی میں خواب دیکھتے ہیں اور لنچ بریک میں نگٹس کھاتے ہیں۔ میں نے  کبھی  شاہین کی پرواز بارے میں نہیں سوچا اور نہ ہی کرگس  کے رہن سہن پر  میر ا کبھی  دھیان گیا مگر  اِک بات میں جانتا ہوں  کہ "اِن بچوں کا جہاں اور ہے اُن بچوں کا جہاں اور"

دو دِن پہلے کے اخبارات  میں اِک چھوٹی سی خبر  پڑھ کر مُجھے یادآیا کہ اِقبال نے  ممولے کو شہباز سے لڑا  دیا  تھا ۔سُنا ہےبہت طاقت تھی اِقبال کی شاعری میں ۔  مگر میں نے زِندگی میں ممولے کو پَٹتے ہی دیکھا۔   شہباز خواہ خادمِ اعلٰی ہو یا پھِرکوئی  اُس کا داماد یا سالا ہو ، وہ  ہر  حال میں مار ہی کھاتا ہے ۔ ممولا ہو یا  کوئی مُجھ  سا  معمولی ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ اِن شہبازوں کے گُن گائیں  اور خوب دِل لگا  کر  "کھائیں " اِس عملی اُصول کو ذہن نشین کرتے ہوئے " کھاؤں گا نہیں تو بڑا کیسے ہوں گا"۔


3 comments:

  1. ہر سیاست دان کی اپنی اپنی الگ " اقبالیات" ہے، ہر سیاہ ست دان اپنی اپنا قائد اعظمی فلسفہ بنائے بیٹھا ہے ۔۔۔۔۔۔
    خوش آباد

    ReplyDelete
    Replies
    1. باِلکُل درست فرمایا آپ نے

      Delete
  2. Short and original, very good post.

    ReplyDelete